کئی شہروں میں بارش کے بعد سردی زور پکڑنے لگی

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) موسم نے کروٹ بدلی، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کے بعد سردی زور پکڑنے لگی، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔

لاہور،جھنگ اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن میں کہیں کہیں برفباری جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور پنجاب بارش کی پیش گوئی کی ہے۔لاہور،جھنگ اورگردونواح میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔۔جس کے بعد موسم میں شدت آگئی۔

سرگودھا،فیصل آباد اور گردونواح کے علاقوں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم سرد ہوگیا۔بھکر میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جبکہ ملکہ کوہسار مری میں بھی بادل برسےاور سردی کی لہر میں اضافہ کر گئے۔

ایبٹ آباد اور گلیات میں بھی بارش کے بعدموسم سرد ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،مردان، کوہاٹ، اسلام آباد، راول پنڈی ، گوجرانوالہ ڈویژن میں اکثر مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، کوئٹہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔