شہر قائد کے گلی اور محلوں میں انٹرنیشنل سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے۔ نشاط ضیاء قادری
Posted on January 3, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی: رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں گلیوں اور محلوں کے سطح پر انٹرنیشنل سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں،نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اگر ہم اپنے نوجوانوں کو سہولتوں کی فراہمی اور ان کی بہتر نگہداشت کریں تو یہ نوجوان ہر شعبے میں اپنے ٹیلنٹ کے جوہر کو منواسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی نمبر2میں اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے زیر اہتمام اسپورٹس گرائونڈ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول ،ایڈیشنل کمشنر ضلع کورنگی سراج احمد ،اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے چیئر مین سعید عالم ،کیپٹن ڈاکٹر ریاض علی مہر ،معروف بزنس مین فیاض ابو بکر ٹائی فون ،کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سنیئر وائس چیئرمین معرالحق ،مارشل آرٹ انسٹرکٹر شہزاد احمد نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں سارک کرکٹ چمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی اورنگزیب سلطان اکیڈمی کی ٹیم سے حلف لیا گیا اسپورٹس گرائونڈ کے افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جسے گرائونڈ میں موجود ہزاروں عوام ،اسٹیج پر موجود مہمانا ن نے خوب سراہا اور کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی تقریب میں کراٹے ،مارشل آرٹس کے مختلف مظاہرے کئے گئے تقریب سے اپنے خطاب میں رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ امن کے سفیر ہیں اپنے کھیل کے ذریعے قیام امن کو فروغ دیں انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی ،لاقانونیت ،جرائم کے خاتمے کے لئے کھیل کو فروغ دیکر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند سرگرمیوں کے ساتھ حصول علم پر بھر پور توجہ دیں اور تعلیم کو عام کرنے میں بھی مددگار بنیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کھلاڑیوں اور گرائونڈ میں موجود والدین اور ہزاروں شائقین کھیل کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ ڈی ایم سی کورنگی ضلع میں علاقائی ترقی اور عوام کو بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک فراہمی کے ساتھ کھیل کے میدانوں کو بھی آباد کرے گی تاکہ ہمارے نوجوان اپنی صحتمند سرگرمیوں کا حصول ممکن بنا سکیں ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے شاہ فیصل کالونی میں علم کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں کی ذہنی نشونما اور صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے اورنگزیب سلطان اکیڈمی کی کاوشوں کی تعریف کی اور انہیں بلدیہ کورنگی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ضلع کورنگی سراج احمد نے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کی نوجوانوں کو راغب کرکے انہیں منفی سرگرمیوں سے دور اور صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی زبیر احمد چنا کی جانب سے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کورنگی ایک گلدستہ ہے یہاں ہر زبان ،مسلک اور مذہب کے لوگ آباد ہیں ضلع کورنگی میں تعلیم کے فروغ ،عوامی شعور کی بیداری اور صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر انہوں نے شارجہ میں منعقد ہونے والے سارک اکیڈمی کرکٹ چمپئن شپ میں شاہ فیصل کالونی کے نواجون کھلاڑیوںکی نمائندگی کو پاکستان کے لئے ایک اعزاز قرار دیا تقریب کے اختتام پر گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان ،راشد نسیم اور دیگر کو خصوصی ایوارڈ دیئے گئے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com