کراچی (جیوڈیسک) پانی ا ور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہر بھر میں احتجاج روز کا معمول بن گیا ہے۔ بدھ کو لسبیلہ چوک سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرے ہوئے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کردیں جس سے ٹریفک جام ہو گیا۔
ٹریفک معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقے پانی و بجلی جیسی بنیادی ضروریات زندگی سے یکسر محروم ہیں ، لسبیلہ میں بھی پانی و بجلی کے ستائے شہری بدھ کو سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں بجلی اور پانی کئی روز سے غائب ہیں جس کے بارے میں متعلقہ حکام کوکئی مرتبہ آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
عدم فراہمی کے باعث ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں اور گھروں میں خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے میں فوری طور پر پانی اور بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے۔