وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہری شکایات اور اخبارات میں بار بار نشاندہیوں کے باوجود مین بازار سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ مین بازار وزیرآباد جہاں گردونواح کے دیہاتوں سے روزانہ ہزاروں مرد وخواتین اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے آتے ہیں میں اس وقت چھابڑی فروشوں، ریڑھی بانوں اور مختلف سٹالز والوں کا مکمل قبضہ ہے چھابڑی فروش قریبی دکانداروں کی ملی بھگت سے بازار پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں جن سے دکاندار منتھلیاں لیتے ہیں جبکہ دکانداروں کو مقامی ٹی ایم اے اہلکاروں کی مبینہ سرپرستی حاصل ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کے باوجودتجاوزات مافیا کا بال تک بیکا نہیں ہو سکا۔
تجاوزات کی وجہ سے بازار میں رستے بند ہوجاتے ہیں اور پیدل آنے جانے کیلئے بھی رستہ نہیں ملتا جس سے خریداروں بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رش میں پھنسے افراد جب ریڑھی بانوں یا چھابڑی فروشوں سے رستے کا حق مانگیں تو یہ لوگ اکٹھے ہو کربدتمیزی پر اتر آتے ہیں جس سے شہریوں کو اپنی عزت بچانا مشکل ہو جاتا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ سے ناقص کارکردگی کے ذمہ داروں کی بازپرس اور شہر سے تجاوزات کے فی الفور خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔