شہری قربانی کے جانور دن کی روشنی میں خریدیں، سست جانور خرینے سے گریز کیا جائے، ماہرین

Animals

Animals

کراچی (جیوڈیسک) عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کی پیروی کے لیے جانور دن میں خریدے جائیں، شہری قربانی کے جانورکا روشنی میں اچھی طرح معائنہ کریں، سست اور لاغر جانور میں بیماری کی علامات ہوتی ہیں۔

جانور کے منہ اور ناک سے جاری ہونے والی رطوبت بھی بیماری کی وجہ ہوتی ہے، جن جانوروں کی کھال پر پسو چپکے ہوں ان سے دور رہا جائے اور ایسا جانور ہرگز نہ خریدا جائے کیونکہ پسو جانورکی کھال سے چپک کر خون چوستا رہتا ہے جو انسان کوکاٹ کر کانگو وائرس میں مبتلا کر دیتا ہے۔

ماہرین طب نے قربانی کے جانور خریدنے والے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگو وائرس عید قربان پر نمودار ہوتا ہے کیونکہ عید قربان پر ملک کے مختلف علاقوں سے لاکھوں جانور شہر لائے جاتے ہیں ان میں بیشتر جانور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں جبکہ سیکڑوں جانوروں کی کھال پر پسو چپکے ہوتے ہیں۔

پسو اگر انسان کو کاٹ لے تو کانگو وائرس لاحق ہوجاتا ہے، جانوروں کے رابطے میں رہنے والے افراد کو کانگو وائرس لاحق ہوتا ہے، کانگو وائرس سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں زیادہ تر قصائی اور جانوروں کی کھال کے کاروبار سے منسلک افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ماہرین طب نے کہا کہ جانورکی کھال سے چپکے ہوئے پسو جانوروں کا خون چوستے ہیں جس سے جانور مختلف انفیکشن کا شکار ہوجاتے ہیں اور جانور کی کھال سے خارج ہونے والے خون سے حشرات اپنی غذا حاصل کرتے ہیں، شہری قربانی کے لیے ایسے جانور جن کی کھال سے خون رس رہا ہو ہرگز نہ خریدیں، قربانی کے جانور کے منہ اور ناک سے جاری رہنے والے رطوبت بھی جانور میں بیماری کا پتہ دیتی ہے۔

ماہرین طب نے کہا ہے کہ جانوروں میں منہ اور کھر کی بیماری عام ہے جبکہ انفلوائنزا کا مرض بھی جانوروں میں پایا جاتا ہے لہذا قربانی کے جانور کی خریداری دن کے وقت روشنی میں کرنا ہی بہتر ہے رات میں بیوپاری بیمار جانور فروخت کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔

اور رات کے وقت جانوروں میں پائی جانے والی بیماریوں کی نشاندہی بھی نہیں ہوسکتی، شہری ایسے جانور خریدیں جو جگالی کرتے اور صحت مند ہوں، شہری مویشی منڈی میں خواتین اور بچوں کو ساتھ لے کر نہ جائیں مویشی منڈی میں جانوروں کے فضلے سے اٹھنے والے تعفن اور جراثیم سے بچے اور خواتین جلد متاثر ہوکر بیمار ہوسکتے ہیں۔