کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے واہگہ خودکش حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں کی حفاظت کیلیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
اور پوری قوم کو اس صورتحال کا مقابلہ اپنے اتحاد سے کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے قوم کے ٹھوس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ معصوم پاکستانیوں کی جانوں سے کھیلنے والے کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے، واہگہ خودکش حملہ پاکستانیت پر حملہ ہے، ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بظاہر آپریشن ضرب عضب کے پس منظر میں یہ بزدلانہ کارروائی کی ہے اور عام شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں لیکن ان کی ایسی کارروائیاں پاک فوج کے آپریشن کو نہیں روک سکیں گی اور وہ اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جے یو آئی فضل الرحمن، گورنر پنجاب، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، حافظ سعید، پروفیسر ساجد میر، ڈاکٹر وسیم اختر، ثروت اعجاز قادری، علامہ ناصر عباس جعفری، مولانا فضل الرحمن خلیل نے بھی دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔