شہریوں کے شدید احتجاج پر ایک ہفتہ قبل تبادلہ کے بعد تعینات کئے گئے میٹ کو دوبارہ تبدیل کر دیا گیا
Posted on April 2, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : شہریوں کے شدید احتجاج اور میڈیا کے واویلا پر ایک ہفتہ قبل تبادلہ کے بعدٹی ایم اے جھنگ کی جانب سے تعینات کئے گئے میٹ محمدنواز کو دوبارہ تبدیل کردیاگیا ہے جس کے باعث شہر کا سب سے بڑامحلہ سلطان والا دوبارہ فلتھ ڈپو کامنظر پیش کرنے لگاہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، بند نالیاں ، ابلتے گٹر مکھیوں، مچھروں کی افزائش کاسبب بننے لگے ہیں جس پرعوامی محاسبہ کمیٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ عوامی محاسبہ کمیٹی جھنگ کے چیئرمین ملک محمد فاروق نے بدھ کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ شہر کا سب سے بڑا و مرکزی محلہ سلطانوالہ جو مقامی ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کا آبائی علاقہ بھی ہے۔
طویل عرصہ سے فلتھ ڈپو کا منظر پیش کررہاتھا جہاں نہ تو فاروق نامی میٹ خود حاضر ہوتاتھا اور نہ ہی دیگر عملہ صفائی کبھی محلہ میں دیکھا گیاتھا جس پر شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی تھی اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، بند نالیاں ، ابلتے گٹر ٹی ایم اے جھنگ کے کرپٹ ترین چیف سنٹری انسپکٹر و دیگر متعلقہ حکام کا منہ چڑارہے تھے ۔ انہوںنے بتایاکہ اہلیان علاقہ کے شدید احتجاج اور میڈیاکے واویلا پر ایک ہفتہ قبل ٹی ایم اے حکام نے محلہ سلطانوالہ کے سابق نااہل ترین میٹ فاروق کو تبدیل کرکے محمد نواز نامی نئے میٹ کی تقرری کی تھی جس نے چند روز کے دوران دن رات ایک کر کے حلقہ کی حالت کو بدلنے اور صحت و صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے اور گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنے والے عملہ کو بھی ڈیوٹی پر حاضر کیامگر ٹی ایم اے کے کرپٹ حکام کو ایم پی اے جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کے آبائی گھر محلہ سلطانوالہ میں صفائی راس نہ آئی اور انہوںنے نامعلوم وجوہات کی بنا ء پر دن رات ایک کرنے والے میٹ محمدنواز کو دوبارہ تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
چیئرمین عوامی محاسبہ کمیٹی نے مزید بتایاکہ محمد نواز میٹ کے تبادلہ کے ساتھ ہی محلہ سلطان والاکے مرکزی علاقے دوبارہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے ہیں اور دوچار روز کام کرنے والا عملہ صفائی بھی غائب ہو گیاہے۔ انہوںنے کہاکہ ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم نے چند روز قبل انکشاف کیاتھاکہ ٹی ایم اے جھنگ کے کرپٹ ترین افسران کی ملی بھگت سے عملہ صفائی کے 400میں سے 271 کے قریب سفید پوش سنٹری ورکرز عملی ڈیوٹی کی بجائے نہ صرف گھروںمیں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔
بلکہ چیف سینٹری انسپکٹر اور دیگر متعلقہ حکام کو ماہانہ بھتہ دے کر دیگر پرائیویٹ کاروباروں میں مصروف ہیں مگر ان سنٹری ورکرز کو ڈیوٹی پر حاضر کروانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوںنے کہاکہ اگرمحلہ سلطان والا جھنگ صدر سے تبدیل کیے گئے میٹ محمد نواز کو فوری طور پر واپس تعینات نہ کیاگیا تو اہلیان علاقہ ڈی سی او آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com