اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تمام شہریوں کو ویکسین لگنے تک پابندیاں نہ ختم ہونے کا عندیہ دے دیا۔
ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا نے تمام ممالک کے صحت کے نظام کو متاثر کیا ہے، اس وبا کا مقابلہ کوئی ایک ملک تنہا نہیں کرسکتا، اس وبا کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تمام شہریوں کو ویکسین نہیں لگتی پابندیاں ختم نہیں ہو سکتیں۔
واضح رہےکہ ملک میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اور دو ماہ بعد فعال کیسز کی تعداد 50 ہزار سے کم ہوگئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح بھی 4 فیصد سے کم ہے۔
اس سے قبل 29 مارچ کو ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 48 ہزار 566 تھی جو 30 مارچ کو 50 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 2 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی جس کے بعد اب تک ویکسین کی 82 لاکھ 63 ہزار سے زائد ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔