راولپنڈی (جیوڈیسک) عیدالفطر کے موقع پر راولپنڈی کے دو بڑے ہوٹلوں میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عملے کی ملی بھگت سے بغیر پرمٹ سرعام شراب فروخت ہوتی رہی۔
رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں شراب فروشوں اور مے نوشوں نے سٹاک جمع کرناشروع کردیا۔ شراب کی بوتل کاکنٹرول ریٹ 600 روپے ہے لیکن بغیرپرمٹ 900سے 1000 روپے میں فروخت ہوتی رہی۔ ایکسائز افسران نے کروڑوں روپے عیدی بنالی۔
ذرائع نے’’دنیا‘‘ کو بتایا کہ عید قریب آتے ہی راولپنڈی کے دوبڑے ہوٹلوں کے بار روم سے بغیرپرمٹ شراب سرعام فروخت ہوتی رہی۔ذرائع کے مطابق واٹکا، واٹ ون، ڈرائی جن اور کینوواٹکا شراب کی فی بوتل کا کنٹرول ریٹ 600 روپے ہے لیکن محکمہ ایکسائز کی ملی بھگت سے بغیرپرمٹ فی بوتل 900 سے 1000 روپے میں فروخت ہوتی رہی۔ ذرائع کے مطابق شراب کے پرمٹ صرف غیرمسلموں کے بنتے ہیں اور ایک پرمٹ ہولڈر مہینے بھرمیں صرف 6 بوتلیں خرید سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بارروم مقررہ وقت کے بعد بھی رات گئے تک کھلے رہتے ہیں ۔ اس حوالے سے جب’’دنیا‘‘نے ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی سہیل مجید سے ان کے موبائل فون 03066448877 پر رابطہ کرکے شراب کی بغیرپرمٹ سرعام فروخت کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے اس بارے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے فون بند کردیا۔