شہر میں گندگی کے ڈھیر سے مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہو گئی

Garbage

Garbage

کراچی (جیوڈیسک) لانڈھی، کورنگی، ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ملیر، شاہ فیصل، لیاری، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، لیاقت آباد، گلشن حدید، قائدآباد، کھارادر، کیماڑی، صدر، لائنزایریا اوردیگرعلاقے صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں۔

مکھی مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں میں صورتحال ابتر ہوگئی، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بلدیاتی اداروں کے افسران نئے بلدیاتی سیٹ اپ کے انتظار میں ہیں اور صفائی کے کاموں سے ہاتھ کھینچ لیا ہے، تفصیلات کے مطابق شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے ،بلدیاتی ادارے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے بیشر علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔

اولڈ سٹی ایریا کے علاقے ایمپریس مارکیٹ، سولجربازار، کھارادر، برنس روڈ، کیماڑی، شیریں جناح کالونی، رنچھوڑلائن، ریلوے کالونی، پاکستان چوک، بولٹن مارکیٹ، اردو بازار کے علاقوں مین سیوریج کے پانی کے ساتھ ساتھ گندگی کے ڈھیر بنے ہوئے ہیں ان علاقوں میں جگہ جگہ سیوریج کا گندہ پانی بھی جمع ہے جس کی وجہ سے مکھی مچھروں کی بہتات ہوگئی،مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

سول اسپتال کے اطراف کچرا کنڈیوں کی صفائی گزشتہ کئی دنوں سے نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرگئی ہیں، کچرا دور دور تک جمع ہوگیا، رنچھوڑلائن کے علاقے نارائن پورہ میں بھی جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا اس علاقے سے گزرنا مشکل ہوگیا،کھارادر،ا یمپریس مارکیٹ اور برنس روڈ کے علاقوں میں بھی صفائی کے کاموں کو بروقت انجام نہیں دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں صحت و صفائی کی صورتحال ابتر ہوگئی۔

مذکورہ علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ بلدیاتی ادارے اپنی ذمے داریوں کو ادا نہیں کررہے ہیں، لگتا ہے کہ شاید وہ نئے بلدیاتی سیٹ اپ کا انتظار کر رہے ہیں ،کیماڑی ، ریلوے کالونی اور بولٹن مارکیٹ کے علاقوں میں بھی مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور کچرا کنڈیاں کچرے سے بھر گئی ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کو پابند کرے کہ وہ صفائی ستھرائی کے کاموں کو بروقت انجام دیں۔