شہر میں نکاسی آب کا نظام انتہائی ناقص ہے، ہنگامی بنیادوں پر شہر میں نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے
Posted on September 25, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ شہر میں نکاسی آب کا نظام انتہائی ناقص ہے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے متوقع برسات کے پیش نظر شہر میں نکاسی آب کے نظام کی درستگی کو یقینی نہ بنا یا گیا تو دوران برسات شہری زندگی درہم برہم اور انسانی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ،بلدیاتی ادارے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات اور نالوں کی صفائی کے حوالے سے فوری اقدامات کریں۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب کے حوالے عوام کو درپیش مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ترتیب د یئے گئے رین ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے کیا اس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کے متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ متوقع برسات کے پیش نظر شاہ فیصل کالونی کے تمام چھوٹے اور بڑے برساتی نالوں کی صفائی اور شاہراہوں و گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پرانتظامات کئے جائیں دوران برسات عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے مرکز شکایات کا قیام عمل میں لایا جائے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ برسات سے قبل تمام علاقوں کا سروے کرکے پانی کی لائنوں کی لیکجز کو درست کیا جائے ،سیوریج اوور فلو کے حوالے سے حائل عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے اور سیوریج کے کھلے مین ہولز کو کوورز کیا جائے تاکہ دوران برسات عوام کو درپیش علاقائی مسائل سے چھٹکارہ دلایا جا سکے۔