شہر میں پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے شہریوں کو ایک ہفتہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر میں پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے شہریوں کو ایک ہفتہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا۔ 70 فیصد ٹرانسپورٹ بند ہوگئی، شہریوں کی بڑی تعداد اپنی سواریوں کو کھینچتے دھکے لگاتے پٹرول کی تلاش میں نظرآتی ہے۔ پٹرول سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد موٹر سائیکل والوں کی ہے۔ شہر میںروزانہ چلنے والے 000 10 سے زائد موٹر سائیکل پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے بند پڑے ہیں۔

پٹرول کی عدم دستیابی پر شہری اپنے اپنے انداز میں احتجاج کرتے نظر آتے ہیں کوئی جھولیاں اٹھا کر حکمرانوں کو بددعائیں دے رہا ہے تو کوئی خالی بوتلیں ہاتھوں میں اٹھائے حکومت مخالف نعرے لگا رہا ہے۔ زیادہ ناراض وہ شہری آتے ہیں جو اپنے بچوں اور خواتین کے ہمراہ کسی کام سے گھر سے نکلتے ہیں تو رستہ میں پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے انہیںاپنی سواری کو بھی ساتھ کھینچنا پڑتا ہے۔

پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتالوں میں پہنچانے، طلبا کو سکولز کالجز پہنچنے اور دفاتر جانے والے ملازمین کو دفتروں میں پہنچنے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔ طالبعلموں کا کہنا ہے کہ سکولوں کالجوں میں نہ پہنچنے کی وجہ سے ان کی پڑھائی بری طرح متاثر ہورہی ہے جبکہ امتحانات بھی سر پر آگئے ہیں جبکہ سکول کالج میں پہنچ کر بھی اساتذہ ،طلباء سبھی پٹرول کی ہی باتیں کرتے نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا اس صورتحال پر یہ کہنا ہے کہ سیاستدان اگر حکومت نہیں چلاسکتے توجمہوریت اور آمریت کا رونا بند کر دیں۔