کراچی: دی سٹی گرامر اسکول حیدرآباد کالونی کراچی کے زیر اہتمام 9واں سالانہ اسپورٹس ڈے کا یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس فیڈرل بی ایریا میں انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے ایک ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا اسپورٹس ڈے کے حوالے سے طلباء وطالبات نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا جس میں صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں اسکول کے طلباء و طالبات، اساتذہ اکرام اور والدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔
اس موقع پر اسپورٹس ڈے تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ایڈمنسٹریٹر سر حسن نے کہاکہ نصاب کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں سے بچوں کے ذہنی نشو نماء کو تقویت حاصل ہوتی ہے کیو نکہ ایک صحت مند دماغ ہی صحت مند جسم فروغ پاتا ہے انہوں نے کہاکہ بچوں کو تعلیم کے حصول کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر مسز شبانہ حسن نے اسکول میں تعلیمی ماحول اور صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ بہتر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے ذریعے مستقبل کے معماروں کی بہتر پرورش کی جاسکتی ہے اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے اس موقع پر انہوں نے اسپورٹس ڈے کے حوالے سے انتظامات اور مثالی فن کا مظاہرہ کرنے پر اسکول کے اساتذہ اور طلباء و طالبات اور والدین کی کاوشوں کو سراہا۔