’شہر غیر ضروری باہر نہ نکلیں‘، کراچی میں شام 6 کے بعد مکمل پابندی کا حکم

Lockdown

Lockdown

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کیسز میں اضافے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگائی جائے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں شام میں کوئی غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلے، پتا چلا ہے کہ ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں لہٰذا شہر میں تمام ٹیوشن سینٹرز کو فوری بند کرایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوبارہ جمعہ کے دن کورونا صورتحال کا جائزہ لیں گے اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کرے گی جب کہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ کی صورتحال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد حکومت نے صبح 6 سے شام 6 تک کاروبار کے اوقات مقرر کیے ہیں جب کہ شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔