کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہاکہ شہر کراچی میں بسنے والے ہر فرد کو اس شہر کو اون کرنا ہوگا جب ہی یہ شہر دنیا کا ماڈل سٹی بنے گا،شہر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل سے نجات کے لئے وسائل نہیں مگر جذبے سے عوامی خدمت اور شہر کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
وسائل نہ ہونے کے باوجود 100روزہ عوامی خدمت مہم کے تحت شہر کی ماڈل یونین کمیٹیز میں تعمیر و ترقی اور علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے کامیابی کے ساتھ مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے ماڈل یوسیز میں 100روزہ عوامی خدمت مہم کے تحت جاری اقدامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تحت ضلع کے چاروں زونز کی ماڈل یونین کمیٹیز میں 100روزہ عوامی خدمت مہم کے تحت جاری اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہاکہ 100روزہ عوامی خدمت مہم کے دوران ماڈل یوسیز میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری سڑکوں کی تعمیر و ترقی ،فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں ،گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور اسکولوں ،ڈسپنریوں کو فعال بنایا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ 100روزہ مہم کے اختتام تک عوام شہر میں مثالی تبدیلیوں کو محسوس کرینگے اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی کی تمام یونین کونسل کو بتدریج مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں گے انہوں نے کہاکہ یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز علاقائی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے شب روز مصروف ہیں۔
انشا اللہ منتخب نمائندوں کی باہمی مشاور ت اور عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلائیں۔