شہر میں قتل و غارت گری کی بنیادی وجہ بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضہ ہے، این جی پی ایف

کراچی : شہر میں ہونے والی تمام قتل و غارت گری کی بنیادی وجہ بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضہ ہے اسلئے اگر سیکورٹی اداروں کی اوورہالنگ کے ذریعے بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کی لعنت کا خاتمہ کردیا جائے تو کراچی سے بد امنی و قتل وغارت ازخود خاتمہ ہو جائے گا۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن (این جی پی ایف )کے چیئرمین عمران چنگیزی نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری آپریشن کی کامیابی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کی کامیابی سے قتل و غارت اور بد امنی کا خاتمہ تو نہیں ہوگا۔

البتہ کچھ عرصہ کیلئے دہشت و وحشت کی وارداتوں میں کسی حد تک تعطل یا کمی ضرورواوقع ہوسکتی ہے کیونکہ جب تک کراچی میں تھانوں کی خریدوفروخت، رشوت کا کھلے عام لین دین، پولیس کی چندہ مہم، قبضہ مافیا، بھتہ مافیا، ٹینکر مافیا، منشیات فروشوں، پارکنگ مافیا، پتھارہ مافیا اور دیگر عوام دشمنوں کی سیاسی سرپرستی جاری رہے گی۔

کراچی سے نہ تو جرائم کا خاتمہ ممکن ہے اور نہ ہی یہاں مکمل و دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ عمران چنگیزی نے کہا کہ شہرمیں قیام امن کیلئے بھتہ خوری کا خاتمہ اور بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے سب سے پہلے پولیس کو سیاسی تسلط سے آزاد اور بھتہ خور پولیس اہلکاروں سے پاک کرنا ضروری ہے۔