کروڑ شہر سمیت گردونواح میں شدید گرمی نے لوگوں کا جینا محال کر دیا

Tariq Pahar

Tariq Pahar

کروڑ لعل عیسن: کروڑ لعل عیسن میں سورج سوا نیزے پر۔ کروڑ شہر سمیت گردونواح میں شدید گرمی نے لوگوں کا جینا محال کر دیا۔ سونے پہ سہاگہ واپڈا والوں کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا سکھ چین بھی چھین لیا۔ لوگ بجلی کی غیر موجودگی میں گرمی کی وجہ سے تڑپ رہے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کے باعث گھروں میں پینے کا پانی ختم۔لوگ سراپا احتجاج۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر انجمن تاجران طارق پہاڑ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کروڑ لعل عیسن میں سورج سو نیزے پر آگیا ہے۔ شدید گرمی میں لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ اور واپڈا والوں کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ حد سے تجاوز کر گئی۔ کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی۔ جس کی وجہ سے گھروں میں لوگ خصوصاً معصوم بچے اور بزرگ حضرات تڑپنے لگے اور اپنا ہوش کھونے لگ گئے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پینے کا پانی تک ختم ہو گیا ہے۔

وارڈ نمبر 11 ، 12 اور مین بازار کا ٹرانسفارمر ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ جل گیا۔ لوگ شدید گرمی کے باعث تڑپ رہے ہیں اور سراپا احتجاج ہیں۔ سابق انجمن تاجران طارق پہاڑ نے خراب ٹرانسفارمر کو فی الفور ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔