شہر کے اہم ترین پوائنٹس پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر کے اہم ترین پوائنٹس پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے۔ ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے حادثات معمول بن گئے۔ کچہری کے اطراف میں سیالکوٹ روڈ وزیرآباد کی جانب اور نیشنل بینک کے سامنے غیرقانونی طور پر بغیر کسی ٹینڈرز کے پارکنگ اسٹینڈز بنا لئے گئے ہیں۔

عدالتوں میں آنے والے سائلین کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز وغیرہ کی پارکنگ کیلئے رقوم وصول کرتے ہیں معلوم ہوا ہے کہ مبینہ طور پر ان پارکنگ اسٹینڈز کو پولیس اہلکاروں کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے جو خود سائیڈ پر رہتے ہیں اور شہر آنے والے افراد کی پرائیویٹ گاڑیوں کی پارکنگ کرواکے ہزاروں روپے دیہاڑیاں لگا رہے ہیں۔

سیالکوٹ روڈ پر پارکنگ اسٹینڈ کے قیام سے ٹریفک کا نظام اس قدر بدتر ہوچکا ہے کہ ہر دوسرے منٹ بعد اوورہیڈ بریج پر دوطرفہ ٹریفک بلاک ہوجاتی ہے جس سے میلوں لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جبکہ سڑک پر بننے والے پارکنگ اسٹینڈ کی وجہ سے پیدل آنے جانے والے راہگیروں کو بھی رستہ نہیں ملتا جس سے وہ اکثر گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں سے ٹکرا کر زخمی ہوجاتے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل بینک کے سامنے بھی خود ساختہ پارکنگ اسٹینڈ شہریوں کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے ان پارکنگ اسٹینڈز کی وجہ سے رستے اس قدر تنگ ہوچکے ہیں کہ پیدل نکلنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

عوامی، سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد، ڈی سی اوگوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کا نوٹس لیکر شہر آنے جانے والے افراد کیلئے محفوظ جگہ پر پارکنگ اسٹینڈ کا بندوبست کریں تاکہ شہری مسائل میں کمی آ سکے۔