اسلام آباد (جیوڈیسک) نجی اسکولوں نے بات مانتے ہوئے اعلان کیا کہ اسکول فیس میں اضافہ واپس لیتے ہیں۔ لاہورمیں پرائیویٹ اسکول اسوسی ایشن نے صاف انکار کر دیا، پشاور میں زیادہ فیسوں والوں کے خلاف کارروائی ہونے والی ہے ،کراچی والے فیسوں میں اضافےکے خلاف آج بھی سڑکوں پر نکلے رہے۔
دیر آید درست آید اسلام آباد میں نجی اسکولوں نے دیر سے ہی سہی لیکن فیسوں میں اضافہ واپس لے ہی لیا ، والدین کا احتجاج رنگ لے آیا اور حکومت اور تمام نجی اسکولوں کے پرنسپلوں کے درمیان میٹنگ کے بعد فیسوں میں اضافہ واپس ہوا لیکن لاہور،کراچی اور پشاور کے والدین اب بھی اپنی دہائی لیے سڑکوں پر ہیں۔
لاہور میں تو پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن نے فیسوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کو ماننے سے صاف انکارکردیا۔ ادھر کراچی میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف والدین کا ساتھ دینے سول سوسائٹی بھی سڑکوں پر آگئی ہے۔
پشاور میں محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسکولوں سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد اسکول مالکان اور والدین سے مشاورت کے بعد نیا فیس اسٹرکچر تیار کیا جائے گا اور زائد فیسیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔