کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علامہ سید محسن کاظمی نے کہا ہے کہ سندھ رینجرز نے کراچی میں امن کے قیام کے لیئے اہم کردار ادا کیا ہے ، آج کراچی کے حالات ماضی سے بہت مختلف ہیں ، سندھ رینجرز نے جان ہتھیلی پر رکھ کر آپریشن کیے جس سے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ اور لوٹ مار میں کمی ہوئی، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال سندھ رینجرز کی وجہ سے کنٹرول میں ہے لیکن ابھی بھی مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اس کے لیئے رینجرز کی کراچی میں موجودگی بہت ضروری ہے، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، علامہ سید محسن کاظمی نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں نے اپنے جانوں کی قربانیاں دی ہیں رینجرز نے کراچی میں بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ افرادکے خلاف ایکشن لیا جس کے مثبت نتاءج برآمد ہوئے ہیں اور شہر میں امن کے قیام میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ہمارا فخر ہیں اور ہمارے سیکورٹی اداروں نے اپنے جانوں کی قربانیاں دے کر عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے،انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں وہ حالات نہیں ہیں جو کچھ سال قبل تھے کوئی انسان کاروبار نہیں کر سکتا تھا، جان و مال سمیت بچوں کی زندگی کے لیئے قیمت چکانی پڑتی تھی، اگر کوئی تاجر بھتہ نہیں دیتا تھا تو اس کو قتل یا اس کا کاروبار تباہ کر دیا جاتا تھا ، غنڈہ گردی و لوٹ مار سر عام کی جاتی تھی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں تھا، اسٹریٹ کرائمز میں دن بدن اضافہ ہو رہا تھا لیکن جب سے رینجرز نے کراچی شہر میں قدم رکھے ہیں جرائم پیشہ عناصر دم توڑنا شروع ہو گئے ہیں اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کی بھی دلی خواہش ہے کہ رینجرز کو شہر قائد میں مستقل بنیادوں پر اختیارات کے ساتھ تعینات کیا جائے کیونکہ کراچی کا امن برقرار رکھنا ہے تو رینجرز شہر میں ضروری ہے ، صوبے میں امن وا مان کے حوالے سے سندھ پولیس کاکردار بھی قابل ستائش ہے اور پولیس کے جوان بھی چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لیئے اپنے فراءض انجام دے رہے ہیں۔