کراچی (جی پی آئی) پاکستان ہندو کونسل نے ایدھی سینیٹر کراچی میں ڈکیتی کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کو انسانیت کے خلاف حملہ قرار دیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سوموار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار و نکوانی نے بتایا کہ آج صبح پاکستان ہندو کونسل کے وفد نے عالمی شہرت یافتہ عبدالستارایدھی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے ان سے ملاقات کی ہے۔ ڈاکٹر رمیش نے ایدھی کی فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مزیدکہا کہ ہزاروں غریب مستحق ہندو جوڑوں کی اجتماعی شادی ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے مالی تعاون کی بدولت باآسانی سرانجام پائیں۔
ڈاکٹر رمیش نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہرِقائد میں روزبروز جرائم میں اضافہ ہورہا ہے جسکی بناء پر عوام عدمِ تحفظ کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے بھی شہریوں کو تحفظ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکرنے کی اپیل کی۔