کراچی : یوسی 38 بندھانی کالونی لیاقت آباد میںکارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ 5 دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں دس سال کے طویل عرصے میں نچلی سطح تک اقتدار منتقل نہ کئے جانے کے سبب شہر کی حالت قابل رحم ہوچکی ہے جبکہ رہی سہی کسر زمینوں پر قبضوں اور غیر قانونی تعمیرات نے پوری کردی ہے گزشتہ دور میں جس بے رحمی کیساتھ اس شہر کے وسائل کو لوٹا گیا اس سے حکومتوں کی بد نیتی صاف ظاہر ہے۔
اب جبکہ حکومت مجبوراََ بلدیاتی انتخابات پر آمادہ ہوچکی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخلص ، بے لوث اور دیانتدار قیادت کو منتخب کیا جائے جو صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے دور میں خدمت کی بہترین مثال قائم کی جسے بعد میں آنے والوں نے سیاسی عداوت کی نذر کردیا۔
شہر کراچی کو بسوں، اسپتال ، کالجز ، لائبریریز اور ، پارکوں کے تحفے دینے والی جماعت اسلامی ہے ۔ ہم نے عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیا ہے اور انشاء اللہ اپنے تابناک ماضی کی طرح 5 دسمبر کو بھی کامیابی حاصل کرکے خدمت انجام دیں گے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے عوام 5 دسمبر کو بے خوف ہوکر ووٹ ڈالنے باہر نکلیں اب انکے ووٹ کو چرایا نہیں جاسکے گا ۔ اس موقع پر نامزد امیدوار برائے چیئرمین یوسی 38 بندھانی کالونی محمد یونس اور وائس چیئرمین غلام احمد سمیت اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔