شہر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے بڑھتے ہوئے واقعات المیہ ہیں، منعم ظفر خان

Robbery

Robbery

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی شرح پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہ چلتے مسافروں اور شہریوں سے موبائل فون نقدی اور خواتین سے زیورات چھیننے کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں جبکہ مزاحمت پر کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔

جگہ جگہ پولیس چوکیوں کے قیام کے باوجود اس قسم کی وارداتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ شہر کے متعدد علاقوں میں چوری’ ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے مگر المیہ یہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابوپانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ پولیس کی ناک کے نیچے شہری لوٹ لئے جاتے ہیں، بینکوں میں لاکھوں روپے کے ڈاکے پڑ جاتے ہیں۔

بسیں لوٹ لی جاتی ہیں مگر پولیس کا بس صرف بے بس عوام پر چلتا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کی آزادانہ نقل وحرکت سے ایسامحسوس ہوتا ہے کہ ان عناصر کوپولیس کی سرپرستی حاصل ہے، عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے محکمے میں اقرا پروری اور جرائم پیشہ عناصر کی بھرتیوں نے محکمے کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔سابق آئی جی سندھ کے دور میں کرپشن کا بازار گرم اور چور لٹیرے آزاد گھومتے رہے۔

منعم ظفر خان نے نئے آئی جی سندھ اللہ ڈینو خواجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے محکمے کو جرائم کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف حقیقی ٹھوس اقدامات کئے جائیں، اسٹریٹ کرائم اور مزاحمت پر قتل پر قابو پایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔