کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان قوم کے ساتھ بڑامذاق ہے۔
نائن زیرو کراچی پر رابطہ کمیٹی اور کارکنوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ عمران خان کو اگر سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان ہی کرنا تھا۔
تووہ کئی روز تک قوم کااتناوقت ، توانائی اور پیسہ خرچ کرنے کے بجائے پہلے ہی اس کااعلان کردیتے۔ انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی گڈے گڑیا کا کھیل نہیں بلکہ ملک کے نظام کے مستقبل کامعاملہ ہے۔
اگر کوئی خوش خیالی میں یہ سوچے کہ وہ ٹارزن ، ٹائی سن یا محمد علی کلے ہے تو سوچنے سے کوئی ٹارزن یا ٹائی سن نہیں بن جاتا۔ متحدہ کے قائد نے کہا کہ اگرعمران خان میں جرات وہمت ہے۔
تووہ قوم کے ساتھ یہ مذاق کرنے کے بجائے کوئی جراتمندانہ اقدام اٹھاتے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کریں۔