گوجرانوالہ : ایم ایس سول ہسپتال گوجرانوالہ ڈاکٹر انور امان نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کیلئے 5 کروڑ روپے کی ادویات خرید لی گئی ہیں جو مریضوں کو دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے غریب مریضوں کو بیحد ریلیف ملا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس میں مبتلا غریب مریضوں کی سہولت کیلئے پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر آفتاب محسن کو ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام گوجرانوالہ کا انچارج مقرر کر دیا ہے اور اب مریضوں کو ٹیکے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اور اب سول ہسپتال کے تمام فزیشنز کو مستحق مریضوں کیلئے ٹیکے تجویز کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ اس طرح دور دراز سے آنیوالے مریضوں کو بیحد سہولت حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن کی اولین ترجیح سول ہسپتال میں غریب مریضوں کو بہتر طبی سہولت فراہم کرنا ہے جس کیلئے عملی طور پر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور ٹراما سنٹر کو بھی بین الاقوامی معیار کا بنانے کیلئے بھی آغاز کیا گیا ہے اس سلسلہ میں ایک ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے جس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاصم سلیم’ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرح صادق شامل ہیں جو ٹراما سنٹر کو جدید ترین بنائیں گی اور پروفیسر عاصم سلیم شیخ نے کراچی کے ایک ہسپتال کے ٹراماسنٹر کا مطالعاتی دورہ بھی کیا ہے اور اس طرز کا ٹراما سنٹر یہاں بنائیں گے جس سے مریضوں کو لاہور ریفر کرنے کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا۔