سول اسپتال کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر پہنچ گئے

Dr Ibrahim Khalil

Dr Ibrahim Khalil

کوئٹہ (جیوڈیسک) سول اسپتال کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی اور گھر پہنچنے کی تصدیق کی۔

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو نامعلوم مسلح افراد نے آج صبح 6 بجے کے قریب چمن کے مال روڈ پر چھوڑا، جہاں سے وہ ایک ٹیکسی کے ذریعے کوئٹہ پہنچے۔

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو پروفیسرز کالونی میں ان کے گھر پہنچانے والے ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق ان کے کپڑے خون آلود اور وہ شدید زخمی حالت میں تھے۔

واضح رہے کہ نیورو سرجن ابراہیم خلیل کو 13 دسمبر کو کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن سے اغواء کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر ابراہیم کے نجی اسپتال میں مددگار غلام حسین نے سرجن کے اغوا کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست بجلی روڈ تھانے میں جمع کروائی تھی۔

ان کے اغواء کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے )، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کافی عرصے تک احتجاج اور ہڑتال بھی کی۔