دمشق (جیوڈیسک) روس، ترکی اور ایران نے شام کے معاملے پر دیرپا جنگ بندی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترکی اور روس نے مشرقی غوطہ سے آنے والوں کیلئے ہسپتال بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خانہ جنگی کے شکار شام میں قیام امن کی کوششیں تیز کر دی گئیں۔ ترک صدر اردوان، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر حسن روحانی نے انقرہ میں اہم ملاقات کی۔ تینوں رہنما اجلاس میں پرتشدد واقعات کی روک تھام کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے تو مختلف امور پر غور کیا گیا۔
روس اور ایران شامی صدر بشارالاسد کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ ترکی اسد مخالف اپوزیشن کا حامی ہے لیکن انقرہ اجلاس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں دیرپا جنگ بندی کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر اردوان نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ترک اور روسی فورسز میڈیکل سہولتوں کیلئے تعاون کریں گی۔