شہریوں پر بمباری سے انکار, شامی فضائیہ کے 3 ہواباز قتل

 Syrian Air Force

Syrian Air Force

دمشق (جیوڈیسک) شام کی ملٹری انٹیلی جنس نے شہریوں پر بمباری کے احکامات ماننے سے انکار کی پاداش میں تین ہوا بازوں کو قتل کر دیا۔

العربیہ کے مطابق تینوں ہوابازوں سے کہا گیا تھا کہ وہ حماۃ فوجی اڈے سے شہر کے شمالی اور مغربی مقامات پر بمباری کریں، اس علاقے میں باغیوں کے ٹھکانے بھی موجود ہیں جبکہ قبل ازیں کی جانے والی بمباری میں زیادہ تر شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

اس سے پہلے یہ اطلاع بھی آئی تھی کہ باغیوں نے ایک جنگی طیارہ مار گرایا ہے ۔ ہوا بازوں نے بمباری کے احکامات مسترد کر دیئے جس کی پاداش میں انہیں قتل کر دیا گیا۔ ہوابازوں کی شناخت احمد غانم، کرنل سامی رزق اور کرنل نوفل دیوب کے ناموں سے کی گئی ہے۔

صوبہ رقا میں سرکاری فورسز کیساتھ جھڑپوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 70 باغی ہلاک ہو چکے ہیں۔ شام میں جاری خانہ جنگی میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

سابق برطانوی آرمی چیف نے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں داعش کو شکست دینے کیلئے شامی صدر بشار الاسد سے تعاون کریں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ ناوی پلے نے شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔