لاہور (جیوڈیسک) لاہور تاریخی عمارتوں اور مقامات سے بھرا ہے، اس کے بے شمار بازار بھی کئی دہائیوں سے قائم و دائم ہیں۔ انہی میں کسیرا بازار بھی شامل ہے، یہاں دکانوں پر سجے برتن الگ ہی منظر پیش کرتے ہیں۔ لاہور کے مشہور شاہ عالمی بازار سے رنگ محل کی طرف جائیں تو راستے میں ہر طرف برتنوں کی دکانیں سجی نظر آتی ہیں۔
یہ دو سو سال پرانا کسیرا بازارہے، تقسیم سے پہلے یہاں ہندو اور سکھ تاجروں کے ڈیرے تھے۔ اسٹین لیس اسٹیل اور سلور کے چمکتے دمکتے برتن، پراتیں، تھال، ڈول، بالٹیاں، دیگیں، جو چاہئے، سب یہاں ملے گا۔ امیر ہو یا غریب،کسیرا بازار میں ہر طبقے کے گاہک نظر آتے ہیں۔
تاہم مہنگائی نے اس بازار کی رونق پر بھی اثر ڈالا ہے۔کسیرا بازار میں ملنے والے اسٹین لیس اسٹیل کے برتن گوجرانوالہ سے آتے ہیں، یہاں غیرملکی کراکری کی بھی دکانیں ہیں جبکہ سلور کے پرانے برتن بھی مل جاتے ہیں۔ ظروف کا استعمال انسانی ضرورت بھی اور اعلی ظرف کی نشانی بھی۔ لاہور کا قدیم کسیرا بازار آج بھی یہاں کے باسیوں کیلئے برتنوں کی خرید کے تمام ساماں لئے ہوئے ہے جہاں جدید کے ساتھ ساتھ قدیم برتنوں کی دکانیں بھی مل جاتی ہیں۔