سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایک روزہ میچز کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار کلارک کی اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہے۔
کلارک زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں ہیمسٹرنگ انجری کے بعد وطن واپس لوٹ آئے تھے۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کرکٹ آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کونٹورس نے کہا کہ آسٹریلیا واپسی سے اب تک کلارک کا مستقل معائنہ کیا گیا جس کے بعد سنگین ہیمسٹرنگ انجری کا انکشاف ہوا۔
ایلکس نے کہا کہ کلارک بروقت صحتیاب نہ ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریزک ے لیے دستیاب نہیں ہو سکیں گے۔ آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے 15 رکنی اور ایک روزہ میچز کے لیے 14 رکنی دستے کا اعلان کرتے ہوئے کلارک کو کپتان مقرر کیا تھا۔
پانچ اکتوبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی جس کے بعد 22 اکتوبر سے دبئی میں پہلا ٹیسٹ میچز کھیلا جائے گا۔ ایلکس نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہو سکیں گے لیکن یہ پہلے ٹیسٹ سے کچھ دن قبل ہی معلوم ہو سکے گا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ابھی تک کلارک کے متبادل اور قائم مقام کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم ماضی میں کلارک کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے جارج بیلی کو ایک بار پھر یہ ذمے داری سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔