میلبورن (جیوڈیسک) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد ورلڈ کپ میں واپسی کا امکان ظاہر کر دیا۔
آسٹریلوی اخبار میں کالم تحریر کرتے ہوئے مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ اگر وہ انجری سے مکمل صحتیاب ہو گئے تو آئندہ سال ہونیوالے ورلڈ کپ میں واپسی کر سکتے ہیں۔ کلارک کے مطابق چوٹ لگنے کے بعد انہیں ڈر تھا کہ جیسا ان کا کیرئیر ختم ہو گیا ہو۔
آسٹریلوی کپتان نے تحریر کیا کہ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کے لیے میدان میں آنا ان کے لیے یادگار ترین لمحات ہوں گے، 33 سالہ کلارک نے لکھا کہ میڈیکل سٹاف نے انہیں جلد صحتیاب ہونے کی امید دلائی ہے۔
مائیکل کلارک بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی کامیاب سرجری ہوئی۔