لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے ایک نصاب ایک نظام اور ایک زبان ہی قومی ترقی کی ضامن ہے ، طبقاتی نظام ہائے تعلیم نے قومی وحدت کا شیرازہ بکھیر دیا ہے ، ان نظام ہائے تعلیم نے نوجوانوں کی سوچوں کو منتشر کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ایک پرامن اور محب وطن قوم ہے اسے جان بوجھ کر خوف بدامنی اور دہشت گردی کی جانب دھکیلا جارہا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں ، بے حس سیاست دانوں اور مفاد پرست افراد نے ملک کے تشخص کو برباد کیا ہے ۔غربت اورمہنگائی کی وجہ سے عوام کو رہن سہن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جہاں مہنگائی میں اضافہ پٹرولیم اور بجلی کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہوئی وہاں اس کا براہ راست اثر پاکستان کی تعمیر اور ترقی میں تعلیم کی زبوں حالی کی صورت میں نظرآرہا ہے۔ جس کی وجہ سے بنیادی اور اعلیٰ تعلیم میں بہتری کے اقدامات میں خلا نظر آرہا ہے۔دوسری جانب ڈگریاں ہاتھ میں لئے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہیں ۔ میرٹ کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ رشوت لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔ زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ کرپٹ قیادت اور مفاد پرست سیاست دانوں نے قوم کو تقسیم کر دیا ہے۔ قومی وحدت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔
ملک میں عام آدمی کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں جبکہ جاگیردار اور حکمران ٹولہ عیاشیوں میں مگن ہیں ۔نوجوان دین سے دور ہو رہے ہیں مغرب کی اندھی تقلید کئے جا رہے ہیں ۔قوم کو ان تمام بحرانوں سے نکلنے کے لئے خود کو بدلنا ہوگا، پاکستان کا نام پوری دنیامیں روشن کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر جدوجہد کرنی ہوگی۔ نوجوان بالخصوص طلبہ قوم کی رہنمائی کریں گے اور اسے ان بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔