کلاس پنجم کے 117 طالبعلموں میں سے صرف 17 طلباء امتحان میں پاس ہوئے جبکہ 100 طلباء فیل ہو گئے

پھالیہ : پنجم کلاس کے 117 طلباء میں سے 17 پاس 100 فیل۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنڑی سکول پھالیہ کلاس پنجم کے 117 طالبعلموں میں سے صرف 17 طلباء امتحان میں پاس ہوئے جبکہ 100 طلباء فیل ہو گئے والدین میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ۔والدین کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کی کارکردگی کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے سرکاری سکولوں میں اساتذہ صرف گپ شپ لگانے آتے ہیں۔

جبکہ پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم کا معیار ان سے سو گنا بہتر ہے مگر غریب والدین پرائیویٹ سکولوں کے ہزاروں اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں ۔اساتذہ کی عدم توجہی کے سبب بچوں کے بار بار کلاسوں سے فیل ہونے کی وجہ سے بچے مزید تعلیم حاصل کرنے سے گریزاں رہتے ہیں اور وہ ساری عمر اپنے مستقبل کو روشن کرنے کی دوڑ سے باہر چلے جاتے ہیں ۔جس کی تمام تر ذمہ داری غیر ذمہ داران اساتذہ کے کندھوں پر آتی ہے استاد معاشرے میں بچے کے روحانی باپ کی حیثیت رکھتا ہے جس پر بچے کے روشن مستقبل کی تمام تر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام بالاسرکاری سکولوں کی بلڈنگوں اور رنگ روگنوں کی بجائے معیار تعلیم پر زور دیں تا کہ نئی آنے والی نسلیں ملک پاکستان میں پڑھے لکھے افراد بن کر ملک و ملت کا نام روشن کرنے میں مددگار ثابت ہو سکیں۔