صفائی کے ناقص انتظامات کیخلاف سنی تحریک کی ریلی

Sunni Tehreek

Sunni Tehreek

حیدرآباد (جیوڈیسک) سنی تحریک حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد میں گندگی اور کچرے کے ڈھیروں اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے خلاف حیدر چوک سے ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے دفتر کے سامنے پہنچے جہاں پر احتجاجی دھرنا دیا گیا دھرنے میں شریک کارکنوں نے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے افسران سمیت حکومت سندھ کے خلاف نعرے بازی کی، اس موقع پر سنی تحریک کے ضلعی کنوینر محمد عمران سہروردی، عابد قادری، محمد شفیق میر، سید ساجد علی کاظمی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد شہر کھنڈر کا نقشہ پیش کررہا ہے، سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے

دوسیاسی جماعتوں کی لڑائی نے شہر کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے، منتخب اراکین اور وزرا چپ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں، سندھ حکومت نے من پسند اور نااہل افسران کو بھاری رشوت کے عوض شہر پر مسلط کر دیا ہے، افسران بے لگام ہو چکے ہیں، حکومت حیدرآباد کے عوام کو نا کردہ گناہوں کی سزا دے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واسا آج تک اپنی سیٹ سے غائب ہیں واسا کی کارکردگی انتہائی خراب ہے۔