کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کلچر ل فورم کے کنوئیر شیخ راشد عالم نے کہا ہے کہ صاف دامن افراد ہمارے پینل میں شامل ہیں۔
ہمارا مقصد کسی پر الزام تراشی نہیں بلکہ ہم نے برسراقتدار گروپ سے اپنے سوالات کے جوا ب مانگے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے آرٹس کونسل کے سینئر ممبران کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی تقریبات کا مقصد عام ممبران کی آراء کو اہمیت دینا ہے ممبران سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ شہر قائد پینل کے سربراہ خلیل احمد نینی تال والا نے کہا کہ ہمارے کرپٹ نظام کی وجہ سے آرٹس کونسل میں فنکاروں،ادیبوں، شاعروں کو ان کا حق نہیں دیا گیا۔
سیکریٹری آرٹس کونسل کے وکیل کا نوٹس موصول ہوا جس میں میر ی جانب سے لگائے جانے والے گیارہ الزاموں کی تردید نہیں کی گئی اور ممبران کو گمراہ کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے ہر جانے کا ایس ایم ایس چلایا جارہا ہے ۔فلم اسٹار سعود نے کہا کہ الیکشن میں اپنا حق چھینے اور لینے آئے ہیں میر ا مقصد صرف کرپٹ لوگوں کو ہٹانا ہے۔
25سال سے انڈسٹری میں کام کرنے والے آرٹسٹوں کو ممبر شپ سے محروم رکھاگیا۔اسٹیج اور تھیٹرکو ہٹ کرنے میں ہماری یوتھ نے بہت محنت کی لیکن ایک گروپ نے اس پر قبضہ جماکر نوجوانوں سے ان کا حق چھین لیا۔ محمود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرٹس کونسل کے عہدیداران من پسند لوگوں کو نواز رہے ہیں سردار یاسین ملک نے 20 لاکھ روپے فنکاروں کیلئے دیئے لیکن اس میں سے کسی بھی فنکار کو کچھ نہیں ملا۔
میں ان تمام باتوں سے لاعلم تھا لیکن خلیل احمد نینی تال والا کے سوالات نے میری بھی آنکھیں کھول دیں میں نے گورننگ باڈی میں احمد شاہ سے اٹھائے گئے سوالات کے بارے میں جواب طلب کیا لیکن انہوں نے اگلے دن پریس کانفرنس میں جوابات دینے کو کہا پانچ دن پریس کانفرنس کا انتظار کرنے کے بعد میں نے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اب میں بھی شہرقائد پینل کے ساتھ کھڑا آرٹسٹوں ،فنکاروں کے حقوق کی جنگ لڑرہا ہوں۔
سابق سیکریٹر ی آرٹس کونسل یاور مہدی نے کہا کہ ادارے میں تبدیلی لانا میری زندگی کا مقصد ہے میر ی ممبران سے گزارش ہے کہ وہ بے داغ لوگوں کو ہی سپورٹ کریں۔ اس موقع پر امجد صابری، رضوان صدیقی، حسن سومرو، نجم الدین شیخ ،آغامسعود جعفری، ظفر حسین ،مبشر میر و دیگر بھی موجود تھے۔