کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوام کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے،علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو سے کہاکہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے تمام محکمانہ کاوشوں کو بروئے کا ر لایا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی یونین کونسل نمبر4ریتا پلاٹ شاہ فیصل کالونی نمبر3کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے فراہمی و نکاسی آب ،صفائی وستھرائی سمیت دیگر مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیااس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ریتا پلاٹ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے شکایت پر متعلقہ محکموں کی کار کردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا یا جائے کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روانی منتقلی اور علاقائی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے بعد ازاں مختلف علاقوں کے دورے پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو درست کیا جائے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ ممکنہ برسات کے پیش نظر شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کریں۔