کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ عوامی تعاون کے ذریعے علاقائی سطح پر سرسبز ماحول کو فروغ دینے کے لئے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹوں کو سرسبز بنانے کے ساتھ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ پارکس ،ہیلتھ سروسز کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں قائم فیملی پارکوں کا تفصیلی معائنہ کرکے سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس جاوید قریشی ،فوکل پرسن شاہ فیصل زون طلعت محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس شاہ فیصل عبدالکریم ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر عبدالراشد خان نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں ،گرین بیلٹس اور اس کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کرکے عوامی سہولیات کو یقینی بنا یا جائے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ پارکس کے افسران سے کہاکہ ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں اور سرسبز ماحول کی افادیت سے عوامی آگاہی مہم چلا ئی جائے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی میںصاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور انشا اللہ عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میںصاف ستھرا سرسبز اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا۔