واشنگٹن (جیوڈیسک) اس ہفتے کے اختتام تک ری پبلیکن پارٹی سرکاری طور پر ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر لے گی، جس کے آغاز پر آج عام انتخابات کی دوڑ کی جانب تیزی کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں، جو آٹھ نومبر کو جا کر ختم ہوگی جب امریکہ ووٹر صدارتی انتخابات میں اپنا فیصلہ دیں گے۔
ریاستِ اوہائیو کے شہر، کلیولینڈ میں پیر کے روز پارٹی کنویشن کے آغاز پر، دھیان قومی سلامتی اور امی گریشن پر مرکوز دکھائی دیا۔
تقاریر کرنے والوں میں ٹیکساس کی سرحدی ریاست کے گورنر، رِک پیری؛ لیبیا کے شہر بن غازی میں ہلاک ہونے والے ایک امریکی کی والدہ اور امی گریشن سے متعلق متعدد وکلاٴ، نیویارک کے سابق میئر روڈی جولیانی اور ٹرمپ کی بیوی میلانیا شامل ہیں۔
ٹرمپ نے دنیا کی صورت حال پر ایک سوال کا جواب دیا جو نکتہ چینی کا باعث بن سکتا ہے، جو سوال اِسی ہفتے صدر براک اوباما اور ڈیموکریٹک پارٹی کی متوقع امیدوار ہیلری کلنٹن سے بھی کیا جائے گا۔