چالاک طوطے نے مالک کی جان کیسے بچائی؟

Parrot

Parrot

پالتو جانور اپنے مالک سے بے لوث محبت کرتے ہیں اور وہ انہیں کسی بھی مشکل میں پھنسنے نہیں دیتے اور اگر ان کے مالک پر کوئی پریشانی آ بھی جائے تو وہ انہیں بچانے کے لیے اپنی جان کی قربانی بھی دینے سے گریز نہیں کرتے۔

ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں آسٹریلیا میں بھی پیش آیا جہاں اینٹن نگیون نامی شخص کے طوطے نے ان کی جان بچائی۔

اینٹن نگیون اپنے گھر میں گہری نیند میں سو رہے تھے کے اس دوران ان کے گھر میں آگ لگ گئی اور آگ کے دھوئیں کی فائر الارم سے قبل ہی ان کے طوطے نے نشاندہی کر لی۔

گھر میں آگ لگتے ہی اینٹن نگیون کے طوطے نے فوراً اپنے مالک کو زور زور سے آوازیں دینا شروع کر دیں جس سے ان کی آنکھ کھل گئی، طوطے کے مالک سے جب دیکھا کہ ان کے گھر میں آگ بھڑک رہی ہے لیکن ابھی تک ان کے گھر میں لگے فائر الارم بجنا شروع نہیں ہوئے تھے۔

اینٹن نگیون نے آنکھ کھلنے کے بعد فوراً اپنا بیگ اٹھایا اور طوطے کے ہمراہ گھر سے باہر نکل گئے۔

کوئنس لینڈ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے انسپکٹر کیمرون تھامس نے بتایا کہ گھر کے مالک آرام سے سو رہے اور آگ لگنے سے چوکنّا کرنے کے لیے طوطے نے زور زور سے اپنے مالک کا نام لینا شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ طوطے کی وجہ سے وہ بروقت اپنے گھر سے باہر نکل گئے اور انہیں کسی قسم کا جسمانی نقصان نہیں ہوا جب کہ ان کے گھر میں فائر الارم بھی لگے ہوئے تھے لیکن فائر الارم بجنے سے قبل ہی طوطے نے آگ کی نشاندہی کر دی تھی۔

بعدازاں فائر بریگیڈ نے گھر میں لگی آگ کو فوراً بجھا دیا تاہم یہ بات تاحال سامنے نہیں آئی کہ آگ کیوں لگی، اس حوالے سے ابھی تفتیش کی جا رہی ہے۔