لندن (جیوڈیسک) وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو جنگی فطرت والی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ صدر بن گئیں تو ان کا ملک ایک ناختم ہونے والی احمقانہ جنگ میں جھونک دیا جائے گا۔
وکی لیکس پر شائع کئے گئے اپنے اداریے میں جولین اسانج نے کہا ہے کہ انہوں نے بحیثیت امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ہزاروں مراسلے پڑھے ہیں اور کئی سالوں کے تجربے کی روشنی میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہیلری کلنٹن فیصلہ سازی کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ یہ ان ہی کے غلط فیصلے تھے جنہوں نے داعش جیسے دہشت گرد گروہ کو بڑھاوا دیا۔ یہ ہیلری کلنٹن ہی ہیں جنہوں نے لیبیا کو بھی عراق بنادیا، ہیلری نے ہزاروں لوگوں کے سامنے لیبیا کی تباہی کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اگر وہ صدر بن گئیں تو وہ کئی ملکوں کو تباہ و برباد کردیں گی۔
جولین اسانج کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن جنگی فطرت کی حامل خاتون ہیں، دنیا میں دہشت گردی کے فروغ، ہزاروں بے گناہ شہریوں کے قتل اور مشرق وسطیٰ میں خواتین کو صدیوں پیچھے دھکیلنے کی ذمہ دار صرف اور صرف ہیلری کلنٹن ہیں۔ ہیلری کلنٹن کی حمایت میں پڑنے والا ہر ووٹ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دے گا۔ اگر وہ صدر منتخب ہوگئیں تو امریکا کو ایسی ناختم ہونے والی احمقانہ جنگ میں جھونک دیں گی جس کا انجام بربادی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ جولین اسانج ہی ہیں جنہوں نے لاکھوں امریکی خفیہ مراسلوں کو اپنی ویب سائیٹ وکی لیکس پر افشاں کیا جس کے نتیجے میں وہ آج جلا وطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔