سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے زور دیا ہے کہ بند جگہوں اور ٹرانسپورٹ سروس میں سواری کے دوران ماسک پہننا لازمی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف کھلے مقامات پر ماسک کی چھوٹ دی گئی ہے۔
انہوں نے کرونا وبا کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران وضاحت کی کہ ملک میں صحت کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے کوئی بھی اقدام وبا کے اثرات اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو مد نظر رکھ کر کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت نے سعودی عرب میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 41 نئےکیسز اور تین اموات کی تصدیق کی ہے۔
وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 47 مریض صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 536،947 ہو گئی ہے، جبکہ وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے کل متاثرین کی تعداد 547،931 اوراموات 8،763 ریکارڈ کی گئی ہیں۔