کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان نے کوئٹہ میں ایف سی کی فائرنگ سے ایک شخص کے جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی مکمل اور جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل اور جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے مشن روڈ پر ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔
ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے 2 ا فراد کو تلاشی کیلئے روکا ، دوران تلاشی مشتبہ افراد نے ایف سی اہلکاروں سے مبینہ طور پر اسلحہ چھیننے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ سے دو افراد خلیل مصطفی اور دین محمد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں خلیل نامی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔