وزیراعلی سے برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے میئر کی قیادت میں وفد کی ملاقات،

لاہور (محمد خرم شہزاد بھٹی) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عشروں پر محیط بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں برطانیہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے ، پنجاب پولیس کی جدید خطوط پر تربیت ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں برطانیہ کاتعاون لائق تحسین ہےـبرطانیہ کے عالمی ترقیاتی ادارے (ڈیفڈ) کے اشتراک سے فنی تعلیم کے فروغ کے پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کی گئی ہےـ برطانیہ میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جو ملکی ترقی میں اپنا بھر پو رکردار اداکررہی ہےـ

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے مئیر ندیم علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاـصوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ بھی اس موقع پر موجود تھےـملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہواـوزیراعلی محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کی ترقی ، خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے جبکہ تعلیم ،صحت او ر سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات کی گئی ہیںـجرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے خطے کی جدید فرانزک لیب قائم کی گئی ہےـ

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ایک بڑا چیلنج ہے۔ پنجاب حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ڈیفڈ کے ا شتراک سے جنوبی پنجاب کے 4اضلاع سے شروع کئے گئے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے دیگر18اضلاع تک بڑھا دیا گیاہے اورمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہےـانہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کو آرام دہ ، سستی او رتیز رفتار سفری سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ـ لاہورمیں میٹروبس سروس کے منصوبے سے روزانہ پونے 2لاکھ مسافر مستفید ہورہے ہیںـلاہور کے بعد راولپنڈی ـاسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہےـراولپنڈی ـ

اسلام آباد میٹروبس کے منصوبے کو 10ماہ میں مکمل کیاجائے گا جبکہ فیصل آباد اورملتان میں بھی میٹرو بس سروس کے اجراء کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے جس کے باعث نہ صرف ملک میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں بلکہ یورپی یونین کے ممالک میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمد ات میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہےـحکومت جی ایس پی پلس کی سہولت کے سنہری موقع سے بھر پو رفائدہ اٹھائے گی او رتمام کنونشنز پر یورپی یونین کے سٹینڈرڈز کے مطابق عمل کیا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات یورپی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیںـانہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اورگارمنٹس کے شعبوں کی برآمدات بڑھنے سے یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا،پاکستان کی صنعت ترقی کرے گی اورمعیشت بھی مضبوط ہوگی۔

برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے مئیر ندیم علی نے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی عوامی خدمت کے کاموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے۔ پنجاب خصوصا لاہور کی مثالی ترقی نے ہمیں حیران کردیاہےـ انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس ایک شاندار عوامی منصوبہ ہے ـ شہباز شریف نے عالمی معیار کامیٹرو بس جیسا بڑا منصوبہ انتہائی قلیل مدت میں مکمل کرکے عوامی خدمت کا نیا باب رقم کیاہے۔بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹ عوامی وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے۔