پشاور(جیوڈیسک) پشاور تبدیلی کے منشور پر مینڈیٹ حاصل کرنے والے خیبر پختون خوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے سادگی اور کفایت شعاری کا آغاز اپنی ذات سے کردیا ہے۔ نومنتخب وزیر اعلی نے محل نما سرکاری رہائش گاہ کے بجائے چھوٹے گھر میں رہنے کی ٹھان لی اور پروٹوکول لینے سے بھی صاف انکار کردیا ہے۔
۔خیبر پختون خوا کا وزیر اعلی منتخب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے سیاسی کلچر میں تبدیلی کا آغاز کردیاہے۔ حلف اٹھانے کے بعد روایتی طور پر نومنتخب وزیر اعلی سی ایم سیکریٹریٹ جاتے ہیں جہاں پولیس کا چاق و چوبند دستہ انہیں سلامی پیش کرتا ہے۔تاہم پرویز خٹک سی ایم سکریٹریٹ جانے کی بجائے سول آفیسرز میس گئے اور سلامی بھی نہیں لی۔وزیر اعلی پرویز خٹک نے محل نما سی ایم ہاوس میں رہنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی فورٹ روڈ پر سی ایم انیکسی کے قریب واقع سرکاری بنگلے میں رہائش اختیار کریں گے یا شہر کے کسی اور حصے میں کرائے کے گھر میں رہیں گے۔ماضی کے حکمرانوں کے برعکس وزیر اعلی پرویز خٹک پروٹوکول کو بھی پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے حیات آباد میں اپنے گھر کی سکیورٹی پر مامور درجنوں پولیس اہلکاروں کو واپس کردیا ہے۔ تاہم اعلی حکام کے اصرار پر صرف سات پولیس اہلکارگھر میں تعنیات رکھنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی کی کفایت شعاری اور سادگی سے سیاسی کلچر میں غیرمعمولی تبدیلی کا عندیہ مل رہا ہے۔