پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلے میں صوبے کا اپنا انٹیلی جنس ادارہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ پشاور میں تحریک انصاف حکومت کے نوے دن مکمل ہونے پر ذرائع سے گفتگو میں وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام سے جتنے وعدے کئے انہیں پورا کیا جا رہا ہے۔ قیام امن کے لئے نیا انٹیلی جنس ادارہ بنایا جا رہا ہے جس میں نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔
صوبے بھر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار عوام کی ترقی و خوش حالی کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبے میں یکساں نظام تعلیم متعارف کرانے کے لئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ عوام کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ اڑھائی سو کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو مستقل اور دو سو نئے ڈاکٹر بھرتی کئے جائیں گے۔