لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس نے آج پنجاب کے نئے وزیراعلی کی تقریب حلف برداری کیلئے سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا، مہمان تین داخلی راستوں سے گورنر ہاوس کے اندر جا سکیں گے ، ایس پی سیکیورٹی عبدالغفار قیصرانی کے مطابق نو منتخب وزیراعلی پنجاب کی حلف برداری تقریب کے موقع پر گورنر ہاوس میں داخلے کیلئے تین راستے ہونگے ،ایک راستہ امریکی قونصلیٹ سے ارکان اسمبلی کیلئے ، دوسرا انارکلی گیٹ سے عوام کیلئے ، جبکہ وی وی آئی پیز مال روڈ کے مرکزی گیٹ سے داخل ہونگے۔
تقریب کے وقت گورنر ہاوس کے اندر اور باہر 600 اہلکار تعینات ہوں گے، اضافی نفری بھی طلب کی جا سکے گی، 2 ایس پیز ،9 ڈی ایس پیز اور 16 ایس ایچ اوز سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے، سیکیورٹی اقدامات کے تحت تین ناکے لگائے جائیں گے ، 9 پوائنٹس پر چیکنگ ہوگی ، داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ اورمیٹل ڈیٹکٹرز کے ذریعے تلاشی لی جائیگی۔