وزیراعلی پنجاب نے صوبے کے معاملات حمزہ شہباز کو سونپ دیئے

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے صوبے کے معاملات کی باگ ڈور حمزہ شہباز کو سونپ دی ہے۔ امن و امان، صوبائی اسمبلی کے امور، ترقیاتی منصوبے اور تنازعات جیسے معاملات اب حمزہ شہباز کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی دیکھے گی۔ سینئر صحافی ندیم علوی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی شہبازشریف نے پبلک افیئرز یونٹ قائم کیا ہے۔

سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق 6 ارکان پر مشتمل کمیٹی گڈ گورننس، سرکاری خدمات کی فراہمی اور عوامی شکایات کے حل سے متعلق مخصوص سیاسی چیلنجوں کی نشاندہی میں وزیراعلی کی معاونت کرے گی۔اس کے علاوہ وزیراعلی کو مشورے اور تجاویز دے گی تاکہ ان چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے سیاسی ایجنڈے کو حتمی شکل دی جاسکے۔ مخصوص سرکاری محکموں، ایجنسیوں اور منصوبوں پر کارکردگی سے متعلق منتخب نمائندوں، پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے فیڈ بیک اور تجاویز حاصل کرے گی۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران کورم کو یقینی بنانا، اسمبلی امور پر نظر رکھنا اور امن وامان کی صورت حال بہتر بنانے میں کردار ادا کرنا بھی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

حمزہ شہباز کی سربراہی میں قائم کمیٹی منتخب نمائندوں کے ذریعے انفرا اسٹرکچر، معاشی،سماجی اور تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی اور ہدایات جاری کرے گی۔ وزیراعلی کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تجاویز بھی دی جائیں گی۔

حمزہ شہباز علاقائی سطح پر سیاسی نمائندوں اور سرکاری افسروں کے درمیان تنازعات بھی نمٹائیں گے۔ کمیٹی اپنے معمول کے اجلاس آٹھ کلب روڈ پر منعقد کرے گی تاہم وزیراعلی کا دفتر استعمال کرنے کی مجاز بھی ہوگی۔