لاہور(جیوڈیسک) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا دہشت گردوں سے تعلق سامنے آ گیا ہے،حکومت دہشت گردوں کی ساتھی بن جائے تو عوام کا تحفظ کون کرے گا ،لاہور میں پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے دہشت گردوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کر لیا ہے۔
اسی وجہ سے پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ نہ چلنے پر مجبور ہو گئی ہے،ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کی چین کو حوالگی اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ حکومت کے بہت بڑے منصوبے ہیں۔
تمام طاقتیں پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کر رہی ہیں،بلوچستان میں بھی مخصوص مقاصد کیلئے تحریکیں چلائی جا رہی ہیں ،منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وسیع پیمانے پر تقرر یاں اور تبادلے قبل از انتخابات دھاندلی ہے ،چیف الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔