وزیر اعلی سندھ نے صوبائی محکموں کی تعداد 47 سے 39 کردی

Chief Minister of Sindh.

Chief Minister of Sindh.

سندھ (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے محکموں میں رائٹ سائزنگ کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلی سندھ نے محکموں میں کمی کی اصولی منظوری دے دی، سندھ کے 47 صوبائی محکموں کو کم کرکے ان کی تعداد 39 کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کے ساتھ کئی محکموں کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں بلدیات، ہاوسنگ ٹاون پلاننگ، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ایک محکمہ ہوگا، محکمہ زراعت میں سپلائی اینڈ پرائسز کو ضم کیا جائے گا، محکمہ جنگلات میں جنگلی حیات اور ماحولیات ضم کیا جائے گا۔

ثقافت، سیاحت اور نوادرات ایک محکمہ ہوگا، محکمہ تعلیم دو حصوں اسکول ایجوکیشن اور ہائر، ٹیکنیکل اور ریسرچ ایجوکیشن پر مشتمل ہوگا، خصوصی تعلیم کا محکمہ علیحدہ ہوگا، محکمہ صحت دوحصوں پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ میں تقسیم ہوگا۔

محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور اسپیشل انشیٹوو ضم ہوگا، محکمہ سروسز اور بین الصوبائی رابطہ ضم ہوگا، کول انرجی اور توانائی دو علیحدہ محکمے ہوں گے، متبادل توانائی کا محکمہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اسٹیوٹا، تعلیمی بورڈز اور سندھ ریونیو بورڈ وزیراعلی سیکریٹریٹ کے ماتحت ہوں گے، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ایک ہی محکمہ ہوگا۔