کراچی (جیوڈیسک) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رؤف اختر فاروقی نے سی این جی بس سروس کو ایک پروجیکٹ کا درجہ دے کر اس کیلیے علیحدہ محکمہ قائم کر دیا ہے اور سینئر انجینئر نجیب احمد کو اس منصوبے کا پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کیا ہے۔
جو بیرون ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بلدیہ عظمیٰ کے متحرک افسر ہیں، پروجیکٹ ڈائریکٹر بس ڈپو میں کھڑی سی این جی بسوں کو جلد از جلد سڑکوں پر لانے اور اس کے بعد شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے ذمے دار ہوں گے، واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے چند سال قبل شہر میں سی این جی بس سروس شروع کی تھی جس کو شہریوں نے سراہا تھا تاہم بعض ناگزیر وجوہات کے باعث یہ بسیں ڈپو میں کھڑی کردی گئی تھیں اور ان میں بعض خراب ہوگئی تھیں، اب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے نیا پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان بسوں سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات مہیا ہوتی تھیں۔
لہٰذا ان کو دوبارہ سڑکوں پر لایا جائے اور ان میں جو خرابی ہے اس کی فوری مرمت کی جائے، انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کو علیحدہ پروجیکٹ اس لیے بنایا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کیشن کام زیادہ ہونے کے باعث اس پر خصوصی توجہ نہیں دے پا رہا تھا لہٰذا پروجیکٹ ڈائریکٹر کی ذمے داری ہوگی کہ وہ صرف ان بسوں پر توجہ دے کر کم سے کم وقت میں سی این جی بسوں کو سڑکوں پر لائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولت دوبارہ حاصل ہو، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ نجیب احمد جو اعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئر اور متحرک آفیسر ہیں کی سربراہی میں یہ منصوبہ بہت جلد مکمل ہوجائے گا۔